اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول کے مطابق کام شروع کرے، فیصلہ دینا عدالت کا کام ہے۔
تفصیل کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس کے استفسار پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز چھاپنے اور دیگر تیاریوں کے لئے مناسب وقت دیا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ فیصلہ دینا عدالت کا کام ہے، الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق سینیٹ الیکشن کے انعقاد کے لیے کام کرے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا ذکر آئین کے آرٹیکل 7 میں ہے۔ آرٹیکل 140 اے نے اسے نئی زندگی دی۔ سینیٹ کے گزشتہ انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوئے تھے،کیا خفیہ ووٹنگ آرٹیکل 226 کے تحت ہوئی تھی؟
جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 140 اے واضح ہے کہ مقامی حکومتیں قانون کے تحت بنیں گی۔ عدالت نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔