اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ الیکشن کے لیے شبلی فراز، عبدالحفیظ شیخ اور دیگر امیدواروں کے ناموں کی سفارش کر دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں سینیٹ ٹکٹوں سے متعلق سفارشات پیش گئیں۔
ذرائع کے مطابق شبلی فراز کو ایک مرتبہ پھر سینیٹر بنانے کی سفارش کی گئی جبکہ ٹیکنوکریٹس کے لیے عبدالحفیظ شیخ کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
اتحادی جماعت میں سے کامل علی آغا کا نام بھی شارٹ لسٹ کیا گیا۔ اسی طرح خواتین میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر زرقا کا نام بھی شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو ٹکٹ دینے کی روایت ختم کریں گے۔ ایسے لوگوں کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے جو عوامی فلاح اور بہتر قانون سازی کے لیے کام کریں۔