اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا آج سے آغاز ہوگیا۔ نامزدگی فارم ہفتے کے روز بھی جمع کرائے جاسکیں گے، ملک بھر میں سینیٹ انتخابات کے لئے ووٹنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
سینیٹ انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری ہوگی، امیدواروں کی سکرونٹی 15 تا 16 فروری ہوگی، کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 17 تا 18 فروری دائر ہوسکیں گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 21 فروری کو جاری ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 22 فروری تک واپس لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ ہاوس کو پولنگ سٹیشن کا درجہ حاصل ہوگا، 48 نشستوں پر انتخابات کرائے گا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے ریٹرینگ افسران بھی مقرر کر دئیے۔ اسلام آباد کیلئے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین ریٹرننگ افسر مقرر جبکہ پنجاب کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ اور بلوچستان کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔