اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف دو روز دیئے گئے۔ امیدواروں کی جانچ پڑتال، بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر امور دو روز میں کیسے طے کئے جا سکتے ہیں؟
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے پارٹی قیادت اور رہنماؤں سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پی پی جیسی وفاقی جماعت کے لیے اتنے کم وقت میں امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دینا مشکل ہے۔ امیدواروں کے انٹرویو ،سکروٹنی دیگر عوامل شامل ہے، جس کے لئے پارلیمانی بورڈ کو وقت درکار ہے۔
پیپلز پارٹی نے خط میں کہا ہے کہ تمام امیدوار پارٹی قیادت اور پارلیمانی بورڈ کے سامنے کیس رکھنے کے خواہاں ہیں۔ شیڈول کے اجرا سے قبل امیدواروں کے انٹرویوز نہیں ہو سکتے جو لائق تحسین نہیں ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ دو روز میں تمام امور کی انجام دہی ممکن نہیں ہے۔ عالمی انسداد منی لانڈرنگ کی وجہ سے بینک اکاؤنٹس کی بھی پیچیدگیاں ہیں۔ ایک یا دو روز میں بینک اکاؤنٹس کھلوانا بھی ممکن نہیں ہے۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو تمام امور مکمل نہ کرنے کی وجہ سے الیکشن سے باہر ہونے کے خدشات ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سے استدعا ہے کہ معاملے کو دیکھتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت بڑھایا جائے: پیپلزپارٹی
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت بڑھانے کے لئے درخواست بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 2 دن کا وقت کاغذات نامزدگی کے لوازمات پورے کرنے کے لئے کم ہے، کاغذات نامزدگی کیلئے درکار بینک اکاؤنٹ کھلوانا 2 دن میں ممکن نہیں۔
دوسری جانب سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا آغاز ہو گیا ہے۔ نامزدگی فارم ہفتے کے روز بھی جمع کرائے جاسکیں گے، ملک بھرمیں سینیٹ انتخابات کے لئے ووٹنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری ہوگی، امیدواروں کی سکرونٹی 15 تا 16 فروری ہوگی، کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 17 تا 18 فروری دائر ہوسکیں گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 21 فروری کو جاری ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 22 فروری تک واپس لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ ہاوس کو پولنگ سٹیشن کا درجہ حاصل ہوگا، 48 نشستوں پر انتخابات کرائے گا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے ریٹرینگ افسران بھی مقرر کر دئیے۔ اسلام آباد کیلئے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین ریٹرننگ افسر مقرر جبکہ پنجاب کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ اور بلوچستان کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔