اپوزیشن کی اوپن بیلٹنگ کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے: شبلی فراز

Published On 13 February,2021 03:40 pm

پشاور: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اوپن بیلٹنگ کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے، سیاسی مخالفین نے دس سال اوپن بیلٹنگ کیلئے کچھ نہیں کیا، یہ نہیں چاہتے سیاست میں پیسے کا کلچر ختم ہو، سینیٹ الیکشن کے بعد اپوزیشن خود ہی روئے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے سینیٹ الیکشن میں 25 ہزار 626 روپے لگے، ماضی میں جتنے بھی الیکشن ہوئے اس پر انگلیاں اٹھائی گئیں، ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ کوئی انگلی نہ اٹھائے، شفاف انتخابات سے جمہوری نظام مضبوط ہوتا ہے، اپوزیشن نہیں چاہتی سیاست سے پیسے کا کلچر ختم ہو، اپوزیشن خود کو ماضی سے علیحدہ نہیں کرنا چاہتی، اپوزیشن کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں احساس پروگرام کی پذیرائی ہو رہی ہے، جو شخص خدمت کا جذبہ رکھتا ہے وہ پی ٹی آئی کارکن ہے، ہمارا نعرہ اینٹی کرپشن ہے، اپوزیشن بتانا چاہتی ہے کہ ہم بھی انہی کی طرح ہیں۔

ادھر الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔

یاد رہے پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے قانونی تقاضوں اور کاغذات نامزدگی کے لوازمات پورا کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔
 

Advertisement