لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات کا معرکہ بھی پی ٹی آئی جیتے گی۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 مارچ دور ہے، پتہ نہیں پی ڈی ایم لانگ مارچ پر قائم رہتی بھی ہے یا نہیں، حکومت مضبوط ہے، لانگ سے بھی لانگ مارچ کا سامنا کرنے کو تیار ہے، پی ڈی ایم جماعتیں کبھی ایک پیج پر آئی ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گی۔
دوسری جانب معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ ضمنی الیکشن مہم میں ن لیگ کی پہچان منفی سیاست عروج پر، کبھی منشیات فروش عادی مجرموں اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے تو کبھی وقوع پذیر ہی نہ ہونے والے واقعہ کو عطاء تارڑ کی گرفتاری قرار دیکر مظلوم بننے اور پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کان کھول کر سن لے، عوام اور حکومت آپ کے ان روایتی اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگی، ایسی بھونڈی حرکتوں سے یہ کرپٹ لیگ خود کو مزید ایکسپوز کریگی، اپوزیشن خصوصا ن لیگ خاطر جمع رکھے اور ضمنی انتخابات کے ساتھ ساتھ سینیٹ الیکشن میں بھی سرپرائز کیلئے تیار رہے۔