راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبہ میں تعاون پر بھی چین کے کردار کو سراہا جبکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کرنے پر بھی چین کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا چینی سفیر سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ راہداری منصوبوں کی تکمیل سے دونوں ممالک میں خوشحالی آئے گی۔