لاہور: ایل ڈی اے کینال روڈ پر شہریوں کی سہولت کیلئے پل نہ بنا سکا

Published On 25 February,2021 11:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پیدل چلنے والوں کوسہولت دینے کے لیے بلند و بانگ اعلانات کئے گئے، مگر عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا جا سکا، 3 سال قبل مکمل ہونے والے کینال روڈ توسیعی منصوبہ پر 8 میں سے 5 پل نہ بنائے جا سکے، ایل ڈی اے کی عدم توجہی کے سبب حال ہی میں بننے والے پل بھی زنگ آلود ہوگئے۔

ایل ڈی اے اپنے اعلان کردہ منصوبے بھی مکمل نہ کر سکا، شہباز دور حکومت میں کینال روڈ توسیعی منصوبہ شروع ہوا اور پاکستان کا سب سے بڑا بیجنگ انڈر پاس تعمیر کیا گیا۔ منصوبے میں پیدل چلنے والوں کیلئے پلوں کی تعمیر کا پلان بھی شامل تھا، مگر ایل ڈی اے کینال روڈ پر شہریوں کی سہولت کیلئے پل نہ بنا سکا۔

کینال روڈتوسیعی منصوبہ کے تحت مال روڈ سے جلو تک 8 پیڈیسٹرین پل بنائے جانے تھے، مگر منصوبہ 3 سال بعد بھی ادھورا ہے اور کینال روڈ پر صرف 3 پل بنائے جا سکے۔ پلوں کی تعمیر کے لیے مختص 10 کروڑ روپے دیگر کاموں میں خرچ ہوگئے۔

بچے، طلبہ، بڑے اور بزرگ عارضی پلی کا سہارا لے کر سڑک عبور کرتے ہیں، پلوں کی تعمیر نہ ہونے سے کینال روڈ پر بیشتر حادثات بھی رونما ہوچکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک عبور کرنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب تاج باغ کے مقام پر بننے والا پل بھی ادھورا چھوڑ دیا اور کنٹریکٹر کام چھوڑ کر بھاگ گیا۔ اس کے علاوہ پہلے سے تعمیر شدہ پلوں کی بھی مرمت نہ ہونے سے حالت زار ہونے لگی، ہربنس پورہ، لال پل پر بنے پیڈیسٹرین برج زنگ آلود ہوگئے۔

چیف انجینئر ایل ڈی اے عبدالرزاق چوہان کا کہنا ہے کہ مزید پیدل پل بنانے کا پلان سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے، پلوں کی مرمت اور بحالی کے لئے کام شروع کر دیا۔ شہریوں کی زندگیوں کو بچانے اور ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لیے پیدل چلنے کے لیے پلوں کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے۔