اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیے کا ڈنکا آج پورے ملک میں بج رہا ہے۔ مسلم لیگ کو توڑنے کی کوشش کرنیوالے خود ٹوٹ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ لوگ سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد شکست خوردہ شکلیں لے کر ٹی وی پر آ گئے تھے۔ کہتے ہیں سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلا، کیا ضمنی الیکشن میں بھی پیسہ چلا تھا؟ پیسہ نہیں چلا، (ن) لیگ کی ٹکٹ چلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ مسلم لیگ (ن) کا ورکر جاگ چکا ہے۔ لوگ حکومت جانے کی دعائیں کر رہے ہیں۔ میں ممبران قومی اسمبلی کو بھی دونوں ہاتھوں سے خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ہمارے تمام ارکان نے نواز شریف کے کہنے پر یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایک جھوٹے اقامے پر باہر کیا، ان کا خیال تھا کہ یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف اور احسن اقبال کو جیل میں ڈال کر (ن) لیگ کو توڑ دیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تم نے شرمندگی کے سوا اپنے ایم این ایز کو کیا دیا؟ تمہارے ایم این ایز بھی سیاست کے نئے راستے دیکھ رہے ہیں۔ اب تمہارا نہ کوئی مستقبل نہ کوئی جماعت ہے۔