اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں جنھیں بکاؤ کہا، کل ان سے اعتماد کا ووٹ کیسے لیں گے؟ مجبور اور لاچار حکومت کا کیا فائدہ۔
مریم نواز شریف نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے بھی کہہ دیا ہے کہ آپ اعتماد کھو چکے ہیں، اب اقتدار سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں، عوام پر اعتبار ہے تو پھر ڈسکہ کا الیکشن سپریم کورٹ میں چیلنج کیوں کیا؟
مریم نواز کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے گزشتہ روز اپنے بیان میں الیکشن کمیشن کی توہین کی۔ الیکشن کمیشن کوجس طرح نشانہ بنایاگیایہ بڑی غلط بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اور اداروں کو سمجھ آ گئی ہے کہ اصل سیسیلین مافیا کیا ہوتے ہیں۔ ادارے ان کی مرضی کے فیصلے کریں تو اچھے ہیں۔ ہماری آج بھی وہی پوزیشن ہے جو آئین کہتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی سپریم کورٹ میں آئینی پوزیشن بیان کی۔ سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا کسی ادارے کو اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں ایک بار پھر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا ہے کہ میں عمران خان کو وزیراعظم نہیں مانتی، وہ سلیکٹڈ تھے اور ہیں۔ ہم نے آض تک 2018ء کے نتائج کو قبول ہی نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو پرانی جماعت نہ سمجھا جائے جو چپ کرکے ظلم وجبر سہہ جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کا پاکستان اور آزاد کشمیر میں کلچر تبدیل ہو چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کسی کو عوام کی جیبوں اور ان کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔