'آج پی ڈی ایم کو پتہ چل جائیگا کون کون (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا چاہتا ہے'

Published On 06 March,2021 10:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ آج پی ڈی ایم کو پتہ چل جائے گا کون کون (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا چاہتا ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کپتان کا ورکر پوری طرح سے کپتان کے پیچھے کھڑا ہے، آج شام کو وزیراعظم کی حیثیت سے واپس گھر جائیں یا اپوزیشن لیڈر کے، ان قومی چوروں کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، کپتان واحد سیاستدان ہے جسے اپوزیشن میں جانے کا کوئی ڈر نہیں۔

 وزیر اعظم آج اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ 340 کے ایوان میں حکومتی اتحاد کی تعداد 180 جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ووٹ ہیں۔ عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے 171 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔

ایوان زیریں میں پی ٹی آئی کے اپنے 156 اراکین ہیں جبکہ اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کی 5، 5 نشستیں ہیں، جی ڈی اے کی 3، آل پاکستان مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک، ایک نشست ہے، 2 آزاد امیدوار بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کے 83 اور پیپلز پارٹی کے 55 اراکین ہیں۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، بی این پی کی 4، اے این پی کی1 نشست ہے جبکہ اپوزیشن کو 2 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے تاہم پی ڈی ایم نے آج کے اجلاس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔