کراچی: (دنیا نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے کریم بخش گبول، رابستان خان نے ہمیں ووٹ نہیں دیا۔
جی ڈی اے رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ عمر عماری، دیوان سچل نے بھی ووٹ نہیں دیا، بلال غفار اور شبیر قریشی پر شک ہے کہ انہوں نے بھی ووٹ نہیں دیا، وزیراعظم پی ٹی آئی کی کالی بھیڑوں کے خلاف تحقیقات کریں۔
قبل ازیں جی ڈی اے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 14 اراکین میں سے کوئی بھی نہیں بکا، عمران خان اپنی پارٹی سے کالی بھیڑیں نکالیں، ایکشن لینا ان کا کام، ثبوت وزیراعظم کو بھیج دیئے، جی ڈی اے کے تمام اراکین پارٹی موقف کے ساتھ کھڑے رہے جس کی بنیاد پر ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نے سیٹ جیتی لیکن ہم اتنے بیوقوف تھے کہ اپنی سیٹ ہار گئے۔
شہریار مہر کا کہنا تھا کہ عمران خان سے کہیں گے کہ اپنی پارٹی میں موجود کالی بھیڑیں دور کریں، جب تک اپنے اندر صفائی نہیں کرینگے تو ملک اور نظام ٹھیک نہیں کرسکتے، جی ڈی اے کے چودہ ممبران میں سے ایک بھی نہیں بکا، قربانی دینی پڑتی ہے اور ہماری ہی قربانی دی جا رہی ہے، ہمارے پاس ثبوت ہیں جو وزیراعظم کو بھیج دیئے، ایکشن لینا ان کا کام ہے، ہم اپنی جگہ پر ٹکے رہے۔