افغان امن عمل خطے کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان

Published On 04 March,2021 05:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان امن عمل خطے کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو اسلام سے جوڑنا مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہے۔

تفصیل کے مطابق ترک صدر کے زیر صدارت اقتصادی تعاون تنظیم کا 14واں ورچوئل اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کا اس اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے۔ ترکمانستان کو آئندہ اجلاس کی سربراہی ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد علاقائی اقتصادی ترقی سے متعلق لائحہ عمل پر غور ہے۔ ہم نے عوام کو وبا کے ساتھ بھوک سے بھی بچانا ہے۔ کورونا کے باعث معاشی اور سماجی مضمرات کا تخمینہ لگانا باقی ہے۔ ہم نے معاشی مشکلات کے باوجود غیر معمولی اقدامات کیے۔ احساس کیش پروگرام کے تحت عوام کی مدد کی گئی۔

عمران خان نے سربراہ اجلاس میں اسلاموفوبیا اور کشمیر کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ مقبوضہ وادی میں کورونا کی آڑ میں لوگوں کو دیوار سے لگایا گیا ہے جبکہ دہشتگردی کو اسلام سے جوڑنا مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے پاکستان اور ترکی کاوشیں کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی فراہمی شروع کر دی گئی۔ ہے تاہم عالمی سطح پر ویکسین کی مساویانہ فراہمی ضروری ہے۔ امیر ممالک نے کورونا سے بچاؤ کے لیے وسائل استعمال کیے۔ پائیدار ترقی کے حصول کیلئے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔

 

Advertisement