کپتان نئے ولولے اور طاقت کیساتھ مافیاز کیخلاف جہاد جاری رکھیں گے: فردوس عاشق

Published On 06 March,2021 10:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ آج ایک نیا رخ اختیار کرنے جا رہی ہے، کپتان ایک نئے ولولے اور طاقت کے ساتھ مافیاز کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبے کے بغیر وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرینگے، کرپشن کے ریکارڈ ہولڈرز اقتدار سے الگ ہونے کا سوچ بھی نہ سکے، عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم برقرار رہیں گے، وزیراعظم کرپشن سے پاک دو نہیں ایک پاکستان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

 وزیر اعظم آج اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ 340 کے ایوان میں حکومتی اتحاد کی تعداد 180 جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ووٹ ہیں۔ عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے 171 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔

ایوان زیریں میں پی ٹی آئی کے اپنے 156 اراکین ہیں جبکہ اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کی 5، 5 نشستیں ہیں، جی ڈی اے کی 3، آل پاکستان مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک، ایک نشست ہے، 2 آزاد امیدوار بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کے 83 اور پیپلز پارٹی کے 55 اراکین ہیں۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، بی این پی کی 4، اے این پی کی 1 نشست ہے جبکہ اپوزیشن کو 2 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے تاہم پی ڈی ایم نے آج کے اجلاس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔