پی ٹی آئی کا احتجاج، گیلانی کیخلاف درخواست کی سماعت منگل کو کرنے کا فیصلہ

Published On 08 March,2021 09:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے احتجاج کے بعد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سیّد یوسف رضا گیلانی کیخلاف درخواست کی سماعت منگل کو ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق وزیراعظم اورپاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف سماعت جلدی کرنے کی درخواست قبول کر لی ۔

سینیٹ الیکشن سے چند روز قبل علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل اور یوسف رضا گیلانی کا بطور سینیٹر نوٹیفکیشن رکوانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں جلد سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔ پہلے یہ سماعت گیارہ مارچ کو ہونا تھی تاہم تحریک انصاف کے ایم این ایز کنول شوذب اور فرخ حبیب کی طرف سے احتجاج کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ درخواست پر کل سماعت ہو گی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این ایز فرخ حبیب، کنول شوذب اور ملیکہ بخاری نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈسکہ الیکشن کے معاملے پر سماعت ایک روز میں ہو سکتی ہے تو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سکینڈل سے متعلق سماعت فوری کیوں نہیں ہو سکتی۔

پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ ویڈیو اسکینڈل پر کارروائی کے مکمل ہونے تک یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے اجرا کو روکنا چاہیے۔

Advertisement