اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ازبکستان نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ازبکستان کے اُن کے ہم منصب عبدالعزیز کامیلوف(kamilov) کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔
فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مذہبی، تاریخی اور ثقافتی ہم آہنگی کی بنیاد پر خوشگوار تعلقات قائم ہیں جو کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی روابط خصوصاً پاکستان افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے منصوبے پر جلد عملدرآمد کے حوالے سے قریبی رابطہ قائم ہے۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ نے خطے میں روابط کے فروغ اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔