’ڈسکہ الیکشن کے موقع پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ کی عزت کو تارتار کیا‘

Published On 20 February,2021 09:02 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈسکہ ضمنی انتخابات کے موقع پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ کی عزت کو تار تار کیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف شفاف انتخابات جبکہ اپوزیشن پیسے کے بل بوتے پر سیاست کا تسلسل چاہتی ہے، تحریک انصاف پر امن جماعت ہے اس کے برعکس ن لیگ تشدد اور غنڈہ گردی کی سیاست کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں حکومت کا مافیا سے مقابلہ ہے، سینیٹ انتخابات میں کامیابی سے مافیا کو شکست اور ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مدد ملے گی، قومی خزانہ لوٹنے والے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی، سابقہ ادوار میں قومی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملک اور عوام کے لئے کچھ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت اقتصادی صورتحال سب کے سامنے تھی۔ کوئی اپنی مرضی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، حالات اتنے بگڑ چکے ہوں تو مجبوری کی صورت میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات بڑھی ہیں، ہماری ٹیکس گروتھ بڑھ رہی ہے، ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تحریک انصاف کی حکومت کا یہاں کی عوام کیلئے تحفہ ہے۔

Advertisement