اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بحرہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کر رہا ہے اور جارحانہ عزائم کے تحت ہتھیاروں کے جدید نظام اور بحری تنصیبات کی منتقلی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
کراچی میں عالمی بحری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحرہند میں باہمی تعاون کی بھرپور صلاحیت موجود ہے لیکن بعض ملکوں کی جانب سے جغرافیائی تزویراتی مقابلہ بازی اور فوجی غلبہ کے حصول نے اس صلاحیت کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پیش رفتوں کی روشنی میں پاکستان اپنی سلامتی اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انتہا پسند ہندوتوا سوچ کے زیر اثر بھارت کے جنگی جنون اور جارحانہ پالیسوں نے عالمی وعلاقائی امن وسلامتی کے لئے فوری اور دائمی خطرات لاحق کر رکھے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں کسی قسم کا فوجی تنازعہ خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلیو اکانومی کو علاقائی معاشی ترقی کا محورومرکز بنانے کے لئے ضرورت ہے۔پاکستان دنیا کے سمندروں کو محفوظ بنانے کی اہمیت کا مکمل ادراک رکھتا ہے، اس نیک مقصد کے لئے تمام دوست ممالک اور دنیا بھر میں پارٹنرز کے ساتھ تعاون اور اشتراک عمل کے لئے تیار ہیں۔ عالمی بلیو اکانومی 24 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی صلاحیت کی حامل ہے۔