ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں شکست کے خوف کی وجہ سے اپوزیشن اوپن بیلیٹنگ کی مخالفت کر رہی ہے۔
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ کرپٹ اور بوسیدہ نظام کی تبدیلی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، وزیراعظم پاکستان ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ پیسہ کے بل بوتے پر سیاست کی ہے، اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔ شکست کے خوف کی وجہ سے اپوزیشن اوپن بیلیٹنگ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے، سینیٹ الیکشن شفاف کرانے پر اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے باہر ہے، اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں، عوام نے سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی سے نواز کر اقتدار کی مسند پر فائز کیا۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سینٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی، مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، مہنگائی سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔