اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر مصر چلے گئے۔ مصری ہم منصب سے مذاکرات کے علاوہ تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصر کے دو روزہ دورے پر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مصر مسلم امہ کا ایک اہم ملک ہے، جسے افریقہ کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے، معاشی سفارت کاری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ جامعہ الازہر جانے کا ارادہ ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم تعلیمی شعبے میں ان کے تجربات سے استفادہ کر سکیں، مصر میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات بھی ہوگی اور میڈیا نمائندگان کے ساتھ گفتگو کا موقع بھی میسر آئے گا۔