قاہرہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمدابوالغیط سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نےعرب لیگ کے ہیڈکوارٹرکادورہ کیا ، سیکرٹری جنرل احمدابوالغیط نے وزیرخارجہ کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا ۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اہم عالمی امور خصوصا خطے کو درپیش چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان عرب لیگ کےممبرممالک کوخصوصی اہمیت دیتاہے، لیگ کےتمام رکن ممالک کےساتھ پاکستان کےمضبوط سیاسی،تجارتی روابط ہیں۔
واضح رہے کہ عرب لیگ افریقہ اور مشرق وسطی کے عرب ممالک پر مشتمل علاقائی تنظیم ہے جس میں قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، تیونس، سوڈان، سعودی عرب ، شام ، عراق،اردن اور فلسطین سمیت 22 ممالک شامل ہیں، پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں تمام ممالک سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جبکہ فلسطین کے مسئلے پر اسرائیل کی غاصبانہ پالیسی کی کھل کر مخالفت کرتا ہے۔