قاہرہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے میں امن وامان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے مصری صدر کو وزیراعظم عمران خان کا نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
وزیر خارجہ نے مصری صدر کو مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے میسر مواقعوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عبدالفتح السیسی کی توجہ بھارتی ہندوتوا پالیسیوں کی طرف بھی دلائی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن واستحکام کو خطرات درپیش ہیں۔ بھارت، مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے۔
انہوں نے مصری صدر عبدالفتح السیسی کو افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بھی بریف کیا۔ وزیر خارجہ نے مصر اور قطر کے مابین سفارتی روابط کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کی جانب سے مثبت رویے کی تعریف کی۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے وزیراعظم عمران خان اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل قاہرہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے وزارت خارجہ آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور مصر کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مصر کو عرب دنیا کا ایک اہم ملک گردانتا ہے۔ پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان، مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے "انگیج افریقہ" پالیسی پر گامزن ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے میسر مواقعوں سے متعلق مصری وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کو بھارت کی ہندوتوا سرکار کے پاکستان مخالف مذموم عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے، اسے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرے کا باعث قرار دیا۔
مصری وزیر خارجہ سامح ال شکری نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ نے دورہ مصر کے دوران پرتپاک خیر مقدم پر مصری ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔