اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو بتا دیا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،دنیا دیکھ رہی ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، بھارت خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے۔
آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 فروری 2019 کو بھارت نے بالاکوٹ پر حملہ کیا، مودی نے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے یہ اقدام اٹھایا، مودی نے سیاسی کامیابی کیلئے پلوامہ ڈرامہ رچایا، بھارت کو کہا تھا کوئی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دنیا نے دیکھا ہم نے امن کیلئے بھارتی پائلٹ واپس کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کرتارپور راہداری کا راستہ کھولا، ہم نے اپنی سرحدوں اور خود مختاری کا دفاع کیا، وزیراعظم کشمیر کے سفیر ہیں، عمران خان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کا معاملہ اٹھایا، مودی کے مقبوضہ وادی میں اقدامات کو کشمیریوں نے یکسر مسترد کیا، بھارت کے دانشور طبقے نے مودی کی کشمیر پالیسی کو ناکامی قرار دیا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے خطے کا امن متاثر کیا، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان کیلئے ہمیشہ امن کا قیام اولین ترجیح رہی۔