وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے جھمرہ انٹرچینج کی منظوری دے دی

Published On 26 February,2021 03:29 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر اور عاصم سلیم باجوہ کی فیڈمک ہیڈ آفس آمد، وزیر منصوبہ بندی نے جھمرہ انٹرچینج کی بھی منظوری دے دی۔ اسد عمر نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زون معاشی ترقی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، انہیں کامیاب بنانے کے لیے وفاقی حکومت ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے چئیرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سیلم باجوہ کے ہمراہ فیڈمک ہیڈ آفس میں اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق، اراکین اسمبلی فرخ حبیب، فیض اللہ کموکا، شیخ خرم شہزاد، سی ای او فیڈمک عامر سلیمی و دیگر بھی موجود تھے۔

اسد عمر نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں آمد و رفت کی آسانی کے لیے جھمرہ انٹرچینج کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، فیڈمک کو وافر مقدار میں بجلی اور گیس فراہم کی جائے گی تاکہ یہاں لگنے والی صنعتوں کو توانائی کی فراہمی سے متعلق کسی قسم کا مسئلہ نہ ہو۔

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو سروس سینٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں سے دس سال تک انکم ٹیکس نہیں لیا جائے گا، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا پہلا فیز مکمل ہونے کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بہترین لوکیشن پر واقع ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔