لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے چار اضلاع میں 70 فیصد برطانوی طرز کا کورونا پایا گیا۔ وزیر صحت یاسمین راشد نے بڑا انکشاف کر دیا۔
تفصیل کے مطابق پاکستان میں برطانیہ سے آئے کورونا وائرس نے انٹری دیدی ہے۔ پنجاب میں برطانوی طرز کا کورونا وائرس تباہی مچا رہا ہے۔
وزیر صحت پنجاب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور، جہلم، اوکاڑہ اور گجرات میں 70 فیصد کورونا وائرس برطانوی طرز کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان چاروں اضلاع کے رہائشیوں کی بڑی تعداد کا برطانیہ سے آنا جانا بہت زیادہ ہے۔ برٹش اور ووہان وائرس کی شدت ایک جیسی مگر برطانوی کورونا کا انفیکشن تیزی سے پھیلتا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 41 مقامات پر سمارٹ اور 4 ہزار جگہوں پر مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔ لاہور میں 17 اور پورے پنجاب میں کورونا کے 36 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 34 لاکھ اور تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ 87 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ لاہور میں کورونا کے 8 فیصد کیسز کی وجہ سے سکول بند کیے گئے۔
یاسمین راشد نے بتایا کہ تفریحی پارکس شام 6 بجے بند کر دئیے جائیں گے۔ دفاتر کے 50 فیصد ملازمین گھروں سے کام کریں گے جبکہ سینما گھر اور مزارات کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیر صحت پنجاب نے ایکسپو سینٹر لاہور میں قائم ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ بھی کیا۔ سیکرٹری صحت نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ یہاں 4 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کر چکے ہیں۔
وزیر صحت نے بہترین انتظامات پر سیکرٹری صحت کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کو شاباش بھی دی۔