اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب معراج کی مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں شب معراج کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب معراج مبارک۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺکی زندگی ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں موجود اختلافات کو بھلا کر آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کیا جا سکتا ہے۔
سپیکر نے کہا کہ واقعہ شب معراج ہمارے لئے رہنمائی اور ہدایت کا سر چشمہ ہے۔ اس رات اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کو اپنے دیدار کے لئے عرش عظیم پر بلایا۔ انہو ں نے کہا کہ شب معراج کا سفر انسانی فہم و فراست سے بالاتر ہے۔ یہ سفر بلاشبہ ایک لازوال معجزہ ہے جس میں بنی نوح انسان کو کائنات کی وسعتوں سے روشناس کرایا گیا۔
دنیا بھر کے مسلمانوں کو شبِ معراج مبارک۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 11, 2021
سپیکر نے کہا کہ شب معراج میں اللہ تعالیٰ نے انسانیت پر کائنات کے مخفی رازوں کوظاہر کیا اور یہ سبق دیا کہ صراط مستقیم پر چل کر اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں ہمیں سیدھا اور صحیح راستہ دکھانے کے لیے نبی پاکﷺکی ذات پاک کی زندگی کا عظیم نمونہ ہمیں تحفے کے طور پر عطاء فرمایا جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی، برداشت اور اتحاد کو فروغ دے کر ہم دینی اور دنیاوی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہو ں نے اپنے ہم وطنوں کو اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھنے اور شب معراج کی بابرکت سعاعتوں میں اپنے ملک اور پوری اُمت مسلمہ کے لیے امن ،ترقی اور خوشحالی کے لیے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا ئیں مانگنے کے لئے کہا۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ شب معراج ہمارے لئے رہنمائی اور ہدایت کا ذر یعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آپس کے اختلافات کو بھلا کر انسانیت کی فلاح کے لئے مل کر کام کریں تو اللہ تعالیٰ ہم پر اپنی نعمتوں کے خزانے کھول دے گا۔