اسلام آباد: (دنیا نیوز) صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کا مشن، وزیراعظم عمران خان نے حکومتی و اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
وزیراعظم کی جانب سے دیئے جانے والے ظہرانے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ عمران خان نے تمام نو منتخب سینیٹرز کو مبارک باد دی۔
پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو پنجاب ہاؤس عشایئے میں شرکت کی دعوت دی گئی، جہاں تمام نو منتخب سینیٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ایک ایک ووٹ کی بہت اہمیت ہے، حکومتی اور اتحادی نومنتخب سینیٹرز ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ سابق فاٹا کی سینیٹ میں نمائندگی کے لئے مرزا آفریدی کی نامزدگی کی گئی۔
واضح رہے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن کل شیڈول ہے، جہاں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار صادق سنجرانی مد مقابل ہیں۔ پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔