اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔ ای سی پی نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ ملیکہ علی بخاری نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا ٹرانسکرپٹ پڑھ کر سنایا۔ ملیکہ بخاری نے بتایا کہ ویڈیو میں علی حیدر گیلانی ووٹ خراب کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔ جس پر ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا کہ یہ ایم این ایز کیوں ان سے ملے ؟ جو لوگ آفر کر رہے ہیں، دونوں کا مفاد تھا تو وہ ملے۔ اس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ان کو ایکسپوز کرنے کے لئے ویڈیو بنائی گئی۔ ممبر رکن خیبرپختونخوا نے کہا ان ایم این ایز کو بھی بلانا چاہتے ہیں کہ وہ بتائیں کیوں ملے، اسی لئے کہا گیا رشوت دینے اور لینے والے دونوں جہنمی ہیں۔
ملیکہ علی بخاری دوران سماعت جذباتی ہوگئیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہم ویڈیو سن چکے ہیں۔ جس پر ملیکہ بخاری نے کہا بصد احترام ہمیں لگتا ہے آپ نے ویڈیوز نہیں سنیں، آپ کو سنانے کی ضرورت ہے، یہ لوگ ہمارے ایم این ایز کے ضمیر خرید رہے ہیں۔ جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس لئے کہہ رہے ہیں ان ایم این ایز کو بلائیں، کیا ان ایم این ایز نے پیسے لئے ؟ اس پر وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ان ایم این ایز نے پیسے نہیں لئے، انہیں پیشکش ہوئی، ان کو خریدنے کی کوشش کی گئی جو جرم ہے۔
دونوں ایم این ایز کے بیان حلفی الیکشن کمیشن کے سامنے پڑھ کر سنائے گئے۔ وکیل علی ظفر نے کہا ویڈیو جمیل احمد خان نے بنائی۔ جمیل احمد نے اپنے بیان حلفی میں کہا کہ علی حیدر گیلانی نے مجھ سے رابطہ کیا، پارٹی کے مفاد میں ویڈیو ریکارڈ کی، علی حیدر نے اپنے والد یوسف رضاء گیلانی کے لئے ووٹ خرید رہے تھے۔
الیکشین کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لئے پی ٹی آئی کی درخواست کو 22 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔