اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اگلے چند مہینے کے لئے گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے۔
وہ جمعہ کے روز اسلام آباد میں گندم، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے عام آدمی کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنائیں جب تک کہ حکومت اہداف کی سبسڈی سکیم متعارف نہ کروا دے۔
وزیراعظم نے کہاکہ غریبوں کو آٹے پر براہ راست سبسڈی دینے کے لئے ایک تفصیلی پروگرام متعارف کروایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت حکومت آٹے کی خریداری کے حوالے سے معاشرے کے تمام کمزور طبقات کو براہ راست سبسڈی فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی سبسڈی کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو مالی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ جتنا ممکن ہوسکے مہنگائی کا بوجھ ان پر کم کیا جاسکے۔
وزیراعظم کو چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے مجوزہ اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے لئے سات ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔