اسلام آباد: (دنیا نیوز) راول جھیل شہر اقتدار کا خوبصورت تفریحی مقام ہے جہاں جڑواں شہروں کیساتھ ساتھ ملک بھر سے شہری یہاں آتے ہیں تو کشتی کی سیر کیے بغیر نہیں جاتے۔
راول جھیل میں پانی کی لہروں پر تیرتا سورج، ہر سو دلفریب نظارے اور کشتی کی سیر سونے پہ سہاگہ ہے۔ لیک ویو کے حسین نظارے ہر کسی کو دعوت دیتے ہیں، یہاں آئیں اور پانی کی لہروں کے سنگ بہتے جائیں، کشتی رانی کے مزے لیں اور جھیل کے اطراف کے مناظر سے بھی آنکھوں کو خیرہ کریں۔
سیاح کہتے ہیں گہرے پانی میں سیر کرتے ڈر تو لگتا ہے لیکن کشتی کی سیر ہی یہاں آنا یاد گار بناتی ہے۔
شام کے سائے پھیلتے ہیں تو پانی کی لہروں پر سورج کے دلکش رنگ سماں باندھ دیتے ہیں اور دیکھنے والے اس حسین منظر میں کھو جاتے ہیں۔