‘الیکشن کمیشن کو ڈسکہ الیکشن نظر آگیا لیکن سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ نظر نہیں آیا’

Published On 16 March,2021 06:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ڈسکہ کا الیکشن تو نظر آگیا لیکن سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ نظر نہیں آیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے خلاف شروع دن سے ہی پراپیگنڈا ہو رہا ہے لیکن اس کے باوجود میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔ مخالفین کی تنقید برائے تنقید کی کوئی پرواہ نہیں، عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اور یہی میرا مشن ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔ جس طرح وفاق نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح ریلیف دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 7 ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے۔ رمضان بازاروں میں پھل، سبزیاں اور اشیائے خورونوش 2018ء کے ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔

ملک میں عالمی وبا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر شروع ہو چکی ہے، مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، احتیاط کی بے حد ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماسک پہننا سب کے لئے ضروری ہے۔ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ سب سے پہلے عزیز ہے۔ صوبے بھر میں بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے 114 سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ بزرگ شہریوں کو سینٹرز میں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔
 

Advertisement