اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اندرونی انتشار کھل کر سامنے آ چکا ہے، پیپلز پارٹی کسی صورت سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک غیر فطری اتحاد ہے۔ ان کا منشور اور سوچ ایک نہیں ہے، یہ کٹھ جوڑ محض مفادات کی وجہ سے ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں یہ ایک دوسرے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں جبکہ آج ان کا اندرونی انتشار، کھل کر سامنے آ چکا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کل آصف علی زرداری نے استعفوں کیلئے نواز شریف کی واپسی کی شرط رکھی جسے مریم نواز نے اسی اجلاس میں مسترد کر دیا۔استعفوں کے مطالبے کے حوالے سے میرے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں ۔میں شروع سے کہتا چلا آ رہا ہوں کہ پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی۔پیپلز پارٹی، کسی صورت سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد، نیب کی گرفت سے بچنے کیلئے ہے ۔پیپلز پارٹی اور نون لیگ دونوں اپنے اپنے مفادات کیلئے ایک دوسرے کو استعمال کر رہے تھے تاکہ مقصد پورا ہونے کے بعد راہیں جدا کر لی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچاؤ کیلئے پی ڈی ایم میں پڑاؤ کیا ہوا تھا،ان میں اختلافات کے باعث مولانا فضل الرحمن نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لانگ مارچ منسوخ کیا اور کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔