اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں عدم شفافیت پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے بھیجے گئے خط میں سپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ چاہتے ہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ہو جائیں۔ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر پیسہ چلا۔ میں نے ہر سطح پر شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات کی بات کی۔ سینیٹ انتخابات میں میری جماعت نے اوپن بیلٹنگ کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی میں بل لائے اور سپریم کورٹ بھی گئے۔ سپریم کورٹ نے انتخابات کو شفاف بنانے کی ہدایت کی لیکن بدقسمتی سے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ ووٹ کی شفافیت جمہوریت کے لیے ضروری ہے، کرپٹ پریکٹسز کو روکنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔