اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چند بڑے سیکٹرز میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، ایف بی آر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لا رہے ہیں، بالواسطہ ٹیکس لگانے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر میں ٹریکنگ سسٹم لا رہے ہیں، ایف بی آر 15 سال سے کوشش کر رہا ہے، اسے روک دیا جاتا ہے، معیشت کے چند بڑے سیکٹرز میں ٹیکس چوری ہو رہی ہے، لوگ ٹیکس نہیں دیتے، ملک کا اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے، 40 فیصد فروخت ہونیوالی سگریٹ پر ٹیکس نہیں دیا جاتا، سگریٹ انڈسٹری میں 2 کمپنیاں ٹیکس دیتی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آٹومیشن نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس چوری ہو رہا ہے، ان ڈائریکٹ ٹیکس لگانے سے مہنگائی بڑھتی ہے، سندھ ہائیکورٹ کے سٹے آرڈر کو ختم کرنے کیلئے کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز انتخابات میں شفافیت کیلئے ناگزیر ہیں۔