ہوسکتا ہے کسی ادارے نے سینٹ انتخابات سے پہلے خفیہ کیمرے لگائے ہوں: غلام سرور

Published On 13 March,2021 04:35 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں کسی ادارے نے سینٹ انتخابات سے پہلے خفیہ کیمرے لگائے ہوں۔

راولپنڈی پی ٹی آئی پبلک سیکرٹیریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سینٹ انتخابات میں ہار کو تسلیم کرنے کے بجائے انتخابات کو متنازعہ بنا رہی ہے، نواز شریف کے لندن میں بیٹھ کر آرمی جیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف بیانات دشمن کا ایجنڈا ہے، نواز شریف پارلیمینٹ میں جھوٹ بولنے پر نااہل ہوا اور جھوٹ بول کر اس ملک سے فرار ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان اور اس ملک کے بچوں کا دشمن ہے، مولانہ فضل الرحمان پارلیمنٹ کا حصہ نہ بن سکے اب پی ڈی ایم سے نہ جانے کون سے بدلے لے رہے ہیں، پی آئی اے کے 82 پائلٹس کے پاس سوزوکی چلانے کا لائسنس نہیں تھے لیکن جمہوریت کے دعویداروں نے ان کا جہاز اڑانے کے لائسنس جاری کیے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک ڈسڈ بن ہے جس میں تمام گند موجود ہے، حکومت کا واحد ایجنڈا مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے رمضان میں تحصیل کی سطح پر رمضان بازار لگائے جائیں گے۔
 

Advertisement