وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، صوبے کے انتظامی اور سیاسی امور بارے بریفنگ

Published On 17 March,2021 05:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے صوبے کے انتظامی، ترقیاتی اور سیاسی امور بارے بریفنگ دی۔

سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بریفنگ میں کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کو تیز کر دیا ہے۔ قبضہ مافیا سے واگزار ہونے والی زمینیں عوامی مفاد میں استمعال کے لئے کمیٹی بھی بنا دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کی ہدایت کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں سہولت بازار لگانے کے لئے اتھارٹی قائم کر دی ہے۔ صوبائی وزرا کو صوبہ بھر میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر چیک رکھنے کے لئے ڈیوٹیز دی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ مہنگائی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومتی اقدامات میں تیزی لائی جائے۔
 

Advertisement