اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ 25 سال پرانے منصوبے کو حقیقت میں بدلنا بڑی کامیابی، نیا پاکستان درحقیقت نئی سوچ کا نام ہے۔
محنت کشوں کے لئے گھر دینے کی تقریب سے وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زلفی بخاری اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 25 سال پرانے منصوبے کو مکمل کر کے حقیقت میں بدلنا بڑی کامیابی ہے، کسی نے نہیں سوچا تھا غریب لوگوں کیلئے گھر بنائے جائیں گے، ہم نے پیچھے رہ جانے والے طبقے کو اوپر لانا ہے، کسی پر احسان نہیں کر رہے، یہ محنت کشوں کا حق ہے، محنت کش کرائے کے مکان میں رہتے تھے، اب کرایہ قسطوں میں جائے گا اور گھر ان کی ملکیت ہو جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کیلئے آسان قرض کی فراہمی کا قانون لے کر آئے، شہروں میں مزدور، چھوٹے سرکاری ملازمین کیلئے بھی گھر بنانا ناممکن ہوتا ہے، اس منصوبے میں بینک شامل نہ ہوتے تو ہم یہ کام نہیں کرسکتے تھے، متعلقہ قانون کے عدالت میں زیر التوا ہونے کے سبب اس کام میں تاخیر ہوئی، متعلقہ قانون کو عدالت سے کلیئر ہونے میں 2 سال لگے۔
قبل ازیں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام غریب کیلئے بہترین اقدا م ہے، ایک ہزار 508 خاندانوں کو گھر دیئے جا رہے ہیں، محنت کش لوگ اپنے خون پسینے سے ملکی معیشت چلاتے ہیں، پروگرام کے تحت 3 لاکھ روپے کی سبسڈی لی، منصوبے کے تحت ایک گھر 23 لاکھ 24 ہزار کا ہے، کرائے کے گھر ختم کر کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیئے، 10 فیصد ادا کرنے پر آپ کو گھر کی چابی اور قبضہ ملے گا، 90 فیصد رقم آپ 5 سے 20 سال میں قسطوں میں ادا کرسکتے ہیں۔