اسلام آباد: (دنیا نیوز) این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے حلقے کا نقشہ اور دیگر تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں، تین رکنی بینچ آج سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو صبح 4 بجے 22 منٹ میں 7 فون کیے گئے لیکن کوئی جواب نہ ملا، چیف سیکرٹری پنجاب کو تمام کالز 20 فروری کی صبح کی گئیں، الیکشن کمیشن نے دیگر افسران کو کی گئی کالز کا مکمل ریکارڈ بھی جمع کروایا۔
رپورٹ کے مطابق حلقے کے 38 پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس سے ان پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل رُکا رہا۔ حلقہ کے 54 پولنگ سٹیشنز ایسے تھے جہاں ٹرن آؤٹ 35 فیصد سے کم تھا۔
سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ آج مزید سماعت کرے گا۔ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔