اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی نے کہا ہے کہ شہریوں نے انتظامیہ کیساتھ تعاون نہ کیا تو کاروبار بند اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے، کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود شہری ماسک استعمال کر رہے ہیں نہ ہی سماجی فاصلے کو اہمیت دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں مجموعی طور پر کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.5 فیصد سے زائد جبکہ بڑے شہروں میں 5 فیصد تک پہنچ چکی ہے، شہری ماسک استعمال کر رہے ہیں نہ ہی سماجی فاصلے کو اہمیت دے رہے ہیں۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کریں، شہریوں نے انتظامیہ کیساتھ تعاون نہ کیا تو کاروبار بند اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ اتوار اور قومی تعطیلات کے دوران مُلک بھر میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز بھی بند رہیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 61 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 495 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 91 ہزار 186، سندھ میں 2 لاکھ 62 ہزار 207، خیبر پختونخوا میں 77 ہزار 443، بلوچستان میں 19 ہزار 269، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 965، اسلام آباد میں 49 ہزار 476 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 264 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 96 لاکھ 48 ہزار 242 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 377 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 77 ہزار 501 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 62 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 61 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 896، سندھ میں 4 ہزار 469، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 188، اسلام آباد میں 531، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 328 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔