لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کے الزامات پر وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے امجد علی نون کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا، لیگل نوٹس میں کہا گیا کہ امجد علی نون نے میاں اسلم اقبال کی کارکردگی سے خوفزدہ ہوکر جھوٹے الزامات لگائے۔
میاں اسلم اقبال نے لیگل نوٹس حفیظ الرحمان چودھری ایڈووکیٹ کی وساطت سے بھجوایا، نوٹس میں کہا گیا کہ امجد علی نون معافی مانگیں یا 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا کہ میاں اسلم اقبال کے پاس ایل ڈبلیو ایم سی کے مالی، انتظامی اور نہ ہی تقرری کے اختیارات تھے، امجد علی نون کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔
وزیراعلیٰ نے میاں اسلم اقبال کو ایل ڈبلیو ایم سی کے معاملات میں بہتری کے لئے خود ذمہ داری دی، لیگل نوٹس میں مزید کہا گیا کہ صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے امجدعلی نون کی ناک تلے ہونے والے کرپشن اور بدانتظامی کو بےنقاب کیا، امجد علی نون نے اپنے جھوٹے الزامات سے میاں اسلم اقبال کی ذاتی اور سیاسی زندگی کو شدید نقصان پہنچایا، اگر14 روز میں اپنے الزامات پر معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف عدالت میں کیس دائر کیا جائے گا۔