امریکی صدر جو بائیڈن کی ڈاکٹر عارف علوی کو یوم پاکستان پر مبارکباد

Published On 23 March,2021 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے صدر مملکت عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد دی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوم پاکستان کے موقع پر خط میں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان، امریکہ پارٹنرشپ علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے، مشترکہ چیلنجز خصوصاً افغانستان میں قیامِ امن، کورونا وبا اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کیلئے باہمی تعاون جاری رکھیں گے، ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔ خط میں صدر جو بائیڈن نے یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔

دوسری جانب یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، اقوام عالم کو غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے، اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کیلئے رواداری اور انسان دوست معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اہم کردار ادا کرنے والے اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، اتحاد، ایمان اور تنظیم کی مدد سے ہم اپنی راہ میں آنیوالے کسی بھی چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں۔
 

Advertisement