لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سے شکایت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تحفظات کا اظہار مریم نواز شریف کے زیر صدارت ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں کہا گیا۔ اجلاس میں لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت حاصل کرکے پی ڈی ایم کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
لیگی رہنماؤں نے اس بات پر شدید تحفظات کا اظہار اور شکوے کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ساتھ لے کر چلنا اب مشکل ہوگا، پیپلز پارٹی اب سرکاری اپوزیشن بننے جا رہی ہے۔ بی اے پی کے سینیٹرز نے پیپلز پارٹی کی حمایت کیوں کی، اب سب چیزیں سامنے آ گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کو ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کس کے کہنے پر پیپلز پارٹی کو ووٹ ڈال رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کو اب سختی سے کہا جائے گا کہ جب پی ڈی ایم نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر (ن) لیگ کا ہوگا تو پیپلز پارٹی نے ایسا کیوں کیا۔
ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے ساتھ چلنا مشکل ہو گیا ہے۔ اب آنے والے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں سب جماعتوں کے سامنے یہ موقف رکھا جائے گا، جو فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی ہم ان کے ساتھ ہیں، مگر پیپلز پارٹی نے یہ دھوکا دیا ہے۔