اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کیس سے متعلق یوسف رضا گیلانی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ درخواست پر 24 مارچ کو سماعت کرینگے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین سینیٹ کے لئے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے درخواست عدالت میں دائر کی تھی جس میں چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کالعدم قرار دے کر صادق سنجرانی کو ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کے حق میں ڈالے گئے 7 ووٹ غیر قانونی طریقے سے مسترد کیے گئے، ان ووٹوں کو منظور کیا جائے۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے 24 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
یاد رہے کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن 7 ووٹ مسترد ہونے پر ہار گئے تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کئے تھے۔ سینیٹ میں حکمران اتحاد کے صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کامیاب ٹھہرے تھے۔