کورونا وائرس کی تیسری لہر، پشاور کے 2 بڑے ہسپتالوں میں بیڈز کی گنجائش ختم

Published On 29 March,2021 03:07 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر میں اضافے کے بعد پشاور کے دو بڑے ہسپتالوں میں بیڈز کی گنجائش ختم ہوگئی۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں او پی ڈی سروسز کو بند کر دیا گیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی داخلوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی گئی۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں صرف 2 بیڈز خالی رہ گئے۔ ہسپتال میں کورونا مریضوں کے لیے 106 بیڈز مختص ہیں جن میں سے 104 پر مریض داخل ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 154 بیڈز کورونا مریضوں کے لیے مختص جن میں سے 136 پر مریض داخل ہیں۔ ہسپتال میں صرف 18 بیڈز کی گنجائش باقی رہ گئی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ، ایم پی اے ہاسٹل اور سپیکر ہاؤس میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جو تاحکم ثانی عائد رہے گی۔
 

Advertisement