لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا پی ڈی ایم کے مستقبل پر بات کرنے سے گریز، لیگی رہنما نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے بھی لاعلمی کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں ہوں، باہر کے حالات کا علم نہیں۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسممبلی شہباز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ضمانت میں تمام الزامات کا جواب دیا ہے، اگر خاندان یا بچوں کو فائدہ دینا ہوتا تو قوم کا پیسہ نہ بچاتا، بیٹوں کی شوگر ملوں کو ایک روپے کا فائدہ نہیں دیا، میں تو نیب کے الزامات پر عدالتوں میں پیش ہو کر بتا رہا ہوں کرپشن نہیں کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ایک پائی کی بھی کرپشن کی ہے تو قصور وار ہوں، میٹرو بس اور اورنج لائن چل رہیں ہیں کوئی کرپشن نہیں کی، بی آر ٹی بنی ہے، اس کا حال دیکھ لیں، کرپشن پھر کہاں ہوئی، بی آر ٹی میں یا اونج لائن ٹرین میں، باقی اللہ تعالیٰ بہتر کرے گا میں سرخرو ہوں گا۔