'کابینہ میں بحث کے بعد بھارت سے تجارت اور دیگر معاملات پر فیصلہ کیا جائیگا'

Published On 01 April,2021 11:06 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیریں مزاری نے کہا ہے کہ کابینہ میں آج بھارت سے تجارت سمیت ای سی سی فیصلوں پر بحث ہوگی، کابینہ میں بحث کے بعد بھارت سے تجارت اور دیگر معاملات پر فیصلہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر ہیومن رائٹس شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے تمام فیصلوں کی منظوری دیتی ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد ہی فیصلوں کو حکومت کی منظوری کا درجہ ملتا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 19 ماہ کی بندش کے بعد پاک بھارت تجارت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا اور بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگا درآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔

وزیر خزانہ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں بھارت سے چینی کی تجارت کھولنے کا فیصلہ کیا، چینی کی فراہمی کی صورت حال کو بہتر کرنے کیلئے بھارت سے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا، اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا اس سال بھارت اور پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں 15 سے لے کر 20 فیصد تک فرق ہے، اس لئے بھارت سے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

Advertisement