لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ آج رات سے بدھ تک کشمیر، گلگت بلتستان اور چترال میں بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں، پشاور، کرم، وزیر ستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک اور چکوال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
منگل اور بدھ کے دوران جہلم، سرگودھا، بھکر، میانوالی، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، فیصل آباد اور جھنگ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ اور ڈی آئی خان کے اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہو کر بدھ کے روز تک جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔ اس مراسلے میں کسانوں کو خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سیاحوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔