ایسٹر کے موقع پر لاہور اور سبی سے 6 دہشتگرد گرفتار، کارروائی کے دوران ایک ملزم ہلاک

Published On 05 April,2021 11:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) ایسٹر کے موقع پر لاہور بڑی دہشتگردی سے بچ گیا، انسداد دہشت گردی فورس نے لاہور بند روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ سبی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور چار ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں محب اللہ اور محمد حنیف شامل ہیں، حکومت نے دہشتگرد محب اللہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بلوچستان کے ضلع سبی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور اس کے چار ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق علاقے میں دو مطلوب دہشت گردوں ہزار خان اور حلیم کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی کی گئی۔ مطلوب دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، رائفل اور دھماکا خیز مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا اور ایف آئی آر سبی تھانے میں درج کرا دی۔
 

Advertisement