کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم اب ختم ہو چکی ہے، حکومت مدت پوری کرے گی۔
وزیر داخلہ نے یہ بات کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سمجھدار ہے لیکن ن لیگ کو ہرزہ سرائی کی قیمت چکانا ہوگی۔ عمران خان 5 سال پورے اور اگلے الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم منہگائی کنٹرول کر لیں گے۔ رمضان پیکج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل شیخ رشید نے پاکستان رینجرز سندھ کی 28 ویں پاسنگ آؤٹ میں شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔
پریڈ کے شرکا اور مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کا کراچی کے امن اور ترقی میں کردار نمایاں ہے۔ امید ہے کامیاب ہونے والے رینجرز کے جوان قومی جذبے سے خدمات سر انجام دینگے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں۔ مسلح افواج میں شمولیت کسی بھی جوان اور اس کے خاندان کے لئے باعث فخر ہے۔