لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اپارٹمنٹس موضع ہلوکی میں تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اپارٹمنٹس منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ابتدائی طور پر ان اپارٹمنٹس کی لاگت کا تخمینہ تقریبا 45 لاکھ روپے فی اپارٹمنٹ لگایا گیا تھا تاہم وزیراعظم کے ویژن کے تحت کم آمدنی والے لوگوں کو یہ سہولت مہیا کرنے کے لئے ہم نے انتھک محنت کی اور اس لاگت کو کم کر کے تقریباً 27لاکھ روپے تک لانے میں کامیاب ہو گئے۔ یہ جگہ رنگ روڈ کے دونوں طرف واقع ہے اور فیروز پورروڈ اور ڈیفنس روڈ سے بھی قریب ہے۔
ایس ایم عمران کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت کل 35000 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں چار ہزار رہائشی اپارٹمنٹ تعمیر کئے جا رہے ہیں، چار منزلہ اپارٹمنٹس کے 125 بلاک تعمیر کئے جائیں گے، ایک بلاک 32 رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا، ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ 650 مربع فٹ ہوگا، یہ دو بیڈروم دو باتھ روم اور بالکونی پر مشتمل ہو گا، تعمیراتی معیار اے کیٹیگری کے قریب رکھا گیا ہے۔ اپارٹمنٹس بلاکس میں ساٹھ فیصد سے زیادہ جگہ سڑکوں، گرین بیلٹس، پارکس وغیرہ کے لئے رکھی گئی ہے۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ اپارٹمنٹ کی قیمت آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی۔ قرعہ اندازی میں کامیاب امیدواروں کو بینک طے شدہ شرائط پر آسان قرضہ جاری کرے گا، ایل ڈی اے ڈیڑھ سال میں منصوبہ مکمل کرنے کا پابند ہوگا۔ پنجاب حکومت نے سکیم کے 10 ہزار سے زیادہ فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کے لئے درکار اراضی حاصل کر لی ہے، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق شفاف قرعہ اندازی کر کے تمام 10017 فائل مالکان کو پلاٹ الاٹ کئے جا رہے ہیں۔